ٹک ٹاک:60لاکھ پاکستانی ویڈیوز ڈیلیٹ کر دی گئیں
حال ہی میں بڑی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی چائینہ کی مشہور ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ”ٹک ٹاک“ نے اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ رپورٹ جاری کی ہے جس میں 2021کی تیسری سہ ماہی کے دوران کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے مواد اور اکاؤنٹس کو واضح کیا ہے۔
ٹک ٹاک نے کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر 60لاکھ سے زائد پاکستانی ویڈیوز اپنے پلیٹ فارم سے ڈیلیٹ کر دی ہیں اور یہ جولائی 2021سے ستمبر 2021کے عرصہ کے دوران کی گئی ہیں جن کی رپورٹ ٹک ٹاک نے اب جاری کی ہے۔ٹک ٹاک نے ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے تمام ممالک کی ویڈیوز کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر ڈیلیٹ کی ہیں۔
ٹک ٹاک کی جانب سے جاری کی گئی کمیونٹی انفورسمنٹ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ جن ممالک کی ویڈیوز حذف کی گئی ہیں ان میں پاکستان کا چوتھا نمبر ہے۔ ڈیلیٹ کی گئی 95فیصد ویڈیوز ایسی ہیں جنہیں پلیٹ فارم پر اپلوڈ کئے جانے کے بعد بغیر کسی صارف کی شکایت کے ڈیلیٹ کر دیا گیا تھاجبکہ 88فیصد ویڈیوز کو کسی کے دیکھنے سے پہلے اور 93فیصد ویڈیوز کو اپلوڈ ہونے کے 24گھنٹے کے اندر ڈیلیٹ کیا گیا۔
پاکستان سے 73.9فیصد ویڈیوز کو ہراسانگی کو فروغ دینے جبکہ 72.4فیصد کو نفرت کو بڑھاوا دینے جیسی وجوہات کی بناء پر ڈیلیٹ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ٹک ٹاک نے کمیونٹی کے تحفظ اور پلیٹ فارم کی دیانت داری کو برقرار رکھنے کی غرض سے دنیا بھر میں یکم جولائی 2021سے 30ستمبر 2021تک 91,445,802ویڈیوز ڈیلیٹ کی ہیں جو کہ اپ لوڈ ہونے والی تمام ویڈیوز کا صرف 10فیصد تھیں۔
ٹک ٹاک نے یہ رپورٹ اس لئے بھی واضح کی ہے کیونکہ پاکستان میں متعدد بار غیر اخلاقی اور نازیبا موادکو اپنے پلیٹ فارم پر جگہ دینے پر ٹک ٹاک کو بلاک کیا جاچکا ہے۔ اصل میں ٹک ٹاک نے واضح کیا ہے کہ ہم کمیونٹی گائیڈ لائنز پر پورا پورا عمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن پاکستان اور دنیابھر کی عوام اس حوالے سے سنجیدہ نہیں ہے۔