پی ٹی آئی کے چیئرمین نے چھ مقدمات میں عبوری ضمانت حاصل کر لی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین نے 6 الگ الگ مقدمات میں 10 جولائی تک عبوری ضمانت حاصل کر لی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین نے 6 متفرق مقدمات میں 10 جولائی تک عبوری ضمانت حاصل کر لی ہے۔ متفرق مقدمات کی سماعت آج جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں ہوئی۔

عدالت نے شہزاد ٹاؤن تھانے میں درج مقدمے میں پی ٹی آئی سربراہ کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی جب کہ انہیں تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج فرخ فرید بلوچ نے کی۔

مارگلہ تھانے میں درج ایک اور مقدمے میں سیشن عدالت کے جج نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

سیشن جج نے ریمارکس دیئے کہ 10 جولائی کو پی ٹی آئی سربراہ کے وکیل کا مصروف شیڈول ہے تو سماعت 19 جولائی کو ہوگی۔

عدالت نے پی ٹی آئی سربراہ کی عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کردی۔علاوہ ازیں عدالت نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد عمر کی حاضری بھی درج کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

آج ایک اور پیش رفت میں پی ٹی آئی سربراہ کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں احتساب عدالت سے 13 جولائی تک عبوری ضمانت مل گئی۔

مزید برآں، سپریم کورٹ (ایس سی) نے آج وکیل قتل کیس کی سماعت کرتے ہوئے پی ٹی آئی سربراہ کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کے ساتھ ساتھ ہائی کورٹ کے فیصلے پر حکم امتناعی جاری کرنے کو بھی مسترد کردیا۔

مذید پڑہیں: عدالت کا پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو فوری رہا کرنے کا حکم۔

سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ کوئٹہ میں پی ٹی آئی سربراہ کے خلاف وکیل کے قتل کیس کی کارروائی روکنے کے لیے متفرق درخواست کی سماعت کے دوران سنایا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ آج کی سماعت کا فیصلہ فوری جاری کریں گے اور سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں