ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ناکے پر دہشت گردوں کے حملے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد شعیب کے مطابق، دہشت گردوں کے ایک گروپ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کلاچی تھانے کی حدود میں واقع پولیس چوکی پر حملہ کیا۔ دہشت گرد راکٹ لانچر سمیت جدید ترین ہتھیاروں سے لیس تھے۔
پولیس پارٹی کی جوابی فائرنگ سے دہشت گردوں کے متعدد ساتھی ہلاک اور متعدد زخمی ہونے کے بعد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
فائرنگ کے تبادلے میں تین پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ ڈی پی او نے بتایا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حملے کے بعد ڈی آئی خان میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
اس سے قبل 30 اکتوبر کو ڈی آئی خان میں درابن پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری شہید اور 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق درابن تھانے کی حدود میں درابن پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں حضرت حسین نامی پولیس اہلکار اور ایک شہری شہید ہوگئے۔
اس کے علاوہ حملے میں چار پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ منتقل کر دیا گیا۔
عمران خان نے دہشت گردی کے واقعات میں اضافے پر حکومت کو ’امپورٹڈ‘ قرار دے دیا.