یہ سیٹ دو تو ساتھ دیں گے‘ترین گروپ نے اپوزیشن کو صاف صاف بتا دیا
موجودہ سیاسی صورتحال کو دیکھ کر کچھ بھی واضح نہیں کہا جاسکتا کہ کون سی پارٹی جیتے گی اور کون سی ہارے گی۔روزانہ کی بنیاد پر مختلف سیاسی رہنماؤں کے مختلف بیانات سامنے آرہے ہیں۔
عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہوچکی ہے جس کے لئے حکومتی اراکین بھی سر دھڑ کی بازی لگانے پر تلے ہوئے ہیں اور اپوزیشن بھی اپنے نمبرز پورے کئے بے صبری سے اس دن کا انتظار کر رہی ہے کہ فیصلہ ہو ہی جائے۔
لیکن اس سارے سسٹم میں فی الحال جو اہم کردار نظر آرہا ہے وہ ترین گروپ کا ہے۔ ترین گروپ موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر ایسا گروپ ہے جو جس طرف جھک گیا جیت اس کی یقینی ہو جانی ہے۔
اس لئے ترین گروپ کی طرف نظریں لگی ہوئی ہیں۔عمران خان نے اپنے اتحادیوں کو اپنے ساتھ اسی طرح متحد رکھنے کے لئے کوشش جاری رکھی ہوئی ہے جس کے لئے آج بھی وہ ایم کیو ایم کے دفتر کراچی پہنچ چکے ہیں۔
ان ہاؤس تبدیلی کے لئے اپوزیشن نے مسلسل ترین گروپ سے رابطہ رکھا ہوا ہے اور اب تک ملنے والی خبروں کے مطابق ترین گروپ نے اپوزیشن سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی سیٹ مانگ لی ہے۔اس خواہش کو دیکھا جائے تو واضح طور پر لگ رہا ہے کہ ترین گروپ صرف پنجاب میں تبدیلی کا خواہاں ہے‘یا شاید ان کی رنجش عثمان بزدار سے ہے کیونکہ اس سے پہلے بھی وہ عثمان بزدار کی برطرفی کا مطالبہ کر چکے ہیں۔
ترین گروپ کی طرف سے اپوزیشن کو پیش کئے گئے پلان کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب اور سپیکر صوبائی اسمبلی پنجاب کے خلاف بھی عدم اعتماد لائی جانی چاہیے‘جبکہ اس حوالے سے متحدہ اپوزیشن نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا ہے جبکہ اپوزیشن علیم خان کے پیچھے دوڑ رہی ہے کہ کسی طرح علیم خان اگر ان کے ساتھ مل جائیں تو باآسانی پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت کو ختم کیا جاسکتا ہے۔