شنگھائی چین میں دنیا کا بلند ترین ریسٹورانٹ تیار.حال ہی میں گینز بک آف دی ورلڈ ریکارڈ کی سند حاصل کرنے والادنیا کا بلند ترین ریسٹورانٹ چین کے شہر شنگھائی میں قائم کیا گیا ہے۔
اس ریستوران کو ”ہیونلی جن ریستوران“ کا نام دیا گیا ہے اور یہ زمین سے 1800فٹ یعنی کہ تقریباً 556میٹر بلند ہے۔120منزلہ اس بلند عمارت کو چین کی بلند ترین عمارت ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے‘جبکہ یہ دنیا کی تیسری بلند ترین بلڈنگ ہے۔
اس ریستوران میں بیٹھ کر شنگھائی کے ایک وسیع حصے کونہ صرف آسانی سے دیکھا جاسکتا بلکہ اس بلند و بالا عمارت میں بیٹھ کر مزے دار کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔دراصل ہیونلی جن ریستوران اینڈ ٹاؤر حقیقت میں شنگھائی ٹاور کا ایک منصوبہ ہے اور اس کا باضابطہ افتتاح گزشتہ سال 19جون کو ہی ہوا ہے جبکہ گنیز بک آف دی ورلڈ ریکارڈ ادارے کو فروری میں اس سے متعلق ایک درخواست ارسال کی گئی تھی اور اس کی تصدیق چند روز بعد کر دی گئی ہے۔
اس ریستوران کو ہر طرح سے اپنے گاہکوں کے لئے خوبصورت بنانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔وسیع ڈائننگ ٹیبل جدید انداز میں لگائے گئے ہیں۔بلڈنگ انتہائی اونچی ہونے کی بناء پر گاہکوں کے اوپر آنے جانے کے لئے بھی مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔
جہاں اس ریستوران میں کھانے پینے والوں کا ایک رش لگا رہتا ہے وہیں اسے گنیز بک آف دی ورلڈ ریکارڈ میں نام درج ہونے کی بناء پر بھی بہت سے لوگ دور دور سے دیکھنے بھی آرہے ہیں۔یعنی کہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ ریستوران کھانے پینے کے علاوہ سیاحت کا کام بھی کر رہا ہے۔