تاج محل میں پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج.جب کبھی بھی دنیا میں محبت کرنے والوں کا ذکر ہوتا ہے تو اس ذکر میں تاج محل کا نام ضرور آتا ہے۔تاج محل کو دنیا کے حیرت انگیز عجوبوں میں سے ایک عجوبہ مانا جاتا ہے اور دنیا بھر سے لوگ اسے دیکھنے کے لئے بھارت کے شہر آگرہ آتے رہتے ہیں۔
27فروری سے مغل بادشاہ شاہجہاں کاتین روزہ 367واں عرس جاری تھاتو اس موقع پرعرس کے تیسرے روز یعنی کہ یکم مارچ کو تاج محل کے مرکزی گنبد کے نیچے تہہ خانے میں شاہجہاں کی پیاری بیوی ممتاز بیگم اور شاہجہاں کی قبروں کو سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا تھا۔اس کے لئے کسی بھی قسم کی کوئی ٹکٹ بھی نہیں رکھی گئی تھی اور یہ داخلہ مفت رکھا گیا تھا۔
جس کی وجہ سے وہاں بہت زیادہ رش ہوگیا۔میڈیا کے بقول یکم مارچ کی شام کو لمبی قطاروں میں کھڑے لوگوں میں سے ایک شخص نے اچانک پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے شروع کر دئیے۔جس سے وہاں پر کافی افراتفری پھیل گئی۔ہجوم میں موجود یہ شخص پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتا جارہا تھا جس پر وہاں موجود لوگوں نے اسے پکڑ لیا اور اس پر بہیمانہ تشدد کیا۔
یہ سب دیکھ کر تاج محل کے سیکیورٹی اہلکار بھی وہاں پہنچ چکے تھے۔لوگوں نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس شخص کو سیکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کر دیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی خود کو تسکین دینے کے لئے اس شخص پر ظالمانہ تشدد کیا۔جس سے وہ شخص بہت زیادہ زخمی ہوچکا تھا۔پھر اس شخص کو سیکیورٹی اہلکار گاڑی میں بٹھا کر لے گئے تو افراتفری کا عالم بھی کسی حد تک کم ہوا۔