سوناکشی سنہا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے.آج کل سلمان خان کے ساتھ میڈیا پر چھائی ہوئی بالی وڈ کی معروف اداکارہ سوناکشی سنہا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہو گئے ہیں۔
میڈیا کے مطابق اداکارہ مبینہ طور پر دھوکا دہی کے ایک کیس میں ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اس مشکل میں پھنس گئی ہیں۔
اداکارہ پر الزام ہے کہ انہوں نے دہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کرنے کے 37لاکھ روپے وصول کئے تھے لیکن یہ اس تقریب میں شریک نہیں ہوئی تھی۔جس کے بعد تقریب کے منتظم نے اداکارہ سے ان کے پیسے واپس کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن تقاضا کرنے کے باوجود سوناکشی کے مینجر نے ایونٹ آرگنائزر کو پیسے واپس کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
منتظم نے جب بار بار پیسوں کے لئے رابطہ کرنے کے باوجود پیسے نہیں دئیے تو اس نے سوناکشی سنہا کے خلاف دھوکا دہی کی شکایت درج کروا دی ہے‘جس کے بعد سوناکشی سنہا اس کیس کے لئے بیان ریکارڈ کروانے کے لئے مرادآباد آئی‘اور اس کے بعد مسلسل غیر حاضری کی بناء پر عدالت نے اداکارہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتار ی جاری کردئیے ہیں۔
واضح ہو کہ مراد آباد کے ایک رہائشی ایونٹ آرگنائزر پرمود شرما نے دہلی میں ایک تقریب منعقد کی تھی جس میں سوناکشی کو بطور چیف گیسٹ مدعو کیا گیا تھا اور اس کے انہوں نے 37لاکھ روپے لئے تھے۔ 37لاکھ روپے لینے کے باوجود سوناکشی اس تقریب میں نہیں پہنچیں اور نہ ہی اس کے پیسے واپس کئے جس کے لئے اسے مجبوراً عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑا۔