مسلمانوں کے لئے خوشخبری:کورونا کے بعد پہلی بار خانہ کعبہ اور مسجد نبویﷺ میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو عبادت کی اجازت
آج کل خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں خصوصی تیاریاں کی جارہی ہیں اور یہ تیاریاں کیوں نہ کی جائیں‘مسلمانوں کا پسندیدہ مہینہ جو آرہا ہے۔
جی ہاں ماہِ رمضان کی آمد آمد ہے جس کے لئے آج کل خانہ کعبہ اور مسجد نبویﷺ میں رمضان کے حوالے سے خصوصی تیاریاں جاری ہیں کیونکہ اس بار کورونا وباء کے بعد پہلی بار زیادہ سے زیادہ تعداد کو عبادت کی اجازت دی جائے گی۔
سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ حرمین شریفین کے انتظامی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے رمضان المبارک کی تیاریوں کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس بلایا جس میں رمضان المبارک کے دوران عبادت گزاروں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لئے طے کردہ لائحہ عمل کا جائز ہ لیا۔
شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ معتمرین کی صحت و سلامتی کے لئے کورونا ایس او پیز کی مکمل پابندی کرتے ہوئے رمضان المبارک کی سعادتوں کو مقدس مساجد میں گزارنے کی واحد شرط ہر فرد کا مکمل طورپر ویکسین شدہ ہونا ہی ہے۔اس کے لئے ضروری ہے کہ غیر ملکی معتمرین غیر منظور شدہ ویکسین لگوانے والوں کو بھی بوسٹر ڈوز ضرور لگوانا ہوگی جس کے بعد اس کا اگلا مرحلہ اس کا اعتمرنا ایپ پر خود کو مکمل ویکسین شدہ رجسٹرکروانا ہوگا۔
ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے خادمین کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ معتمرین کے تحفظ کے لئے سماجی فاصلے سمیت کورونا پابندیوں پر عمل درآمد کروایا جائے اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عبادت کے لئے پر سکون ماحول فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔