کھانا تاخیر سے کیوں کھولا؛ دلہا شادی ہی چھوڑ گیا.آج کل شادیوں کے حوالے سے بھارت میں عجیب و غریب واقعات پیش آرہے ہیں۔وہ ہو رہا ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھا یا سنا۔ شاید یہ سب سوشل میڈیا و دیگر میڈیا پر توجہ حاصل کرنے کے لئے کیا جارہا ہے‘یا شاید بھارتی لوگوں کی برداشت ہی ختم ہوچکی ہے۔
شادی کے موقع پر چھوٹے موٹے معاملے ہونا دستور کی بات ہوتی ہے لیکن یہ موقع ایسا ہوتا ہے کہ ہر بات کو درگزر کرنا پڑتا ہے۔لیکن جب برداشت کا مادہ ہی ختم ہوچکا ہو تو پھر ایسے ہی واقعے پیش آتے ہیں۔بھارتی ریاست بہار میں دُلہا بارات لے کر پہنچا تو اس کا شاندار استقبال کیا گیا۔شادی کی تمام رسومات بخوبی انجام دی گئیں لیکن کھانا کھولنے میں تاخیر برتی گئی شاید ابھی کھانا بننے میں دیر ہو لیکن دُلہا صاحب کا پارہ بڑھ چکا تھا اس نے اپنے والد سے شادی روکنے کا کہا۔
اتنی بات سے شادی کے موقع پر افراتفری پھیل گئی۔علاقے کے معززین نے معاملہ رفع دفع کروانے کی کوشش کی اور دُلہے کو بلایا لیکن معلوم ہوا کہ دُلہا پہلے ہی اپنی شادی ادھوری چھوڑ کر تقریب سے نکل چکا ہے۔واقعے کے بعد جب دُلہے کے گھر والوں نے دیکھا کہ معاملہ اب ہاتھ سے نکل چکا ہے تو انہوں نے دُلہن والوں کی طرف سے ملنے والے تمام تحائف دُلہن کے والدین کو واپس کئے لیکن دُلہن کے والد نے اپنی بے عزتی ہونے کی بناء پر معاملہ ختم نہیں کیا اور واقعے کی رپورٹ تھانے میں درج کروائی۔ پولیس نے رپورٹ درج کر کے کاروائی شروع کر دی ہے۔