سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری.وفاقی اداروں کے سرکاری ملازمین کو حکومت کی جانب سے ایک مالی سال کے دوران دوسری مرتبہ تنخواہوں میں اضافے کی خوشخبری سنادی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے فیصلے کا اطلاق کر دیا گیا ہے۔
جس کے مطابق وزارت خزانہ نے گریڈ 1 سے 19 تک کے ملازمین کیلئے 15 فیصد ڈسپیرٹی الاونس کی منظوری دیتے ہوئے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیاہے۔ وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق سرکاری ملازمین کو تنخواہوں میں 15 فیصد ڈسپیرٹی الاونس کی ادائیگی کے فیصلے کا اطلاق یکم مارچ سے ہو گا۔
وزارت خزانہ نے وضاحت کی ہے کہ گریڈ 1 سے 19 تک کے وہ ملازمین جو پہلے سے ہی 100 فیصد یا اس سے زائد ڈسپیرٹی الاونس وصول کر رہے ہیں، ان ملازمین پر حالیہ فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔
اس سے پہلے15 فروری کو وزارت خزانہ نے ایک بیان میں بتایا گیا تھا کہ سرکاری ملازمین کے 15 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس میں اضافے کی سفارش کی گئی ہے، ایڈہاک ریلیف الاؤنس بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کا فیصلہ بعد میں ہوگا، جبکہ ٹائم اسکیل پروموشن کی سمری پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
وزرت خزانہ کے مطابق وفاقی سرکاری اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے علاوہ صوبائی حکومتوں کو بھی ملازمین کو اپنے فنڈز سے الاؤنس دینےکا کہا گیا تھا۔جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کے بعد موقع پر بھی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کیلئے رواں مالی سال کے بجٹ میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا تھا۔ جبکہ رواں مالی سال کے دوران سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دوسری مرتبہ اضافہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہےجس کا اطلاق یکم مارچ سے ہوگا۔