پاکستان کرکٹ بورڈ نے جے شاہ کے بیان پر ردِ عمل جاری کر دیا.
لاہور: بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایشیا کپ 2023 میں پاکستان آنے سے انکار پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صدر اے سی سی جے شاہ کے بیان پر حیرت اور مایوسی ہوئی ہے۔
ترجمان پی سی بی نے کہا کہ یہ بیان اے سی سی بورڈ یا پی سی بی سے مشاورت کے بغیر دیا گیا، جے شاہ کا پاکستان سے ایونٹ منتقلی کا بیان یک طرفہ ہے۔
ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ سوچے سمجھے بغیر اس طرح بیان کے منفی اثرات مرتب ہوں گے، ایونٹ منتقلی کا بیان آئی سی سی، اے سی سی کو تقسیم کرنےکے مترادف ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ اے سی سی صدر جے شاہ کے اس بیان سے 2023 میں بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ اور 2024 سے 2031 تک بھارت میں شیڈول آئی سی سی کے ایونٹس میں پاکستان کی شرکت پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ جے شاہ کی صدارت میں اے سی سی اجلاس میں ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے سپردکی گئی تھی، تاحال اے سی سی کے صدر کے بیان پر اے سی سی سے کوئی باضابطہ وضاحت موصول نہیں ہوئی ہے۔
ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی نے اے سی سی سے حساس معاملے پر ہنگامی اجلاس کی درخواست کی ہے۔