سینیٹ: حکومت کامیاب،اپوزیشن پھر ناکام
سینیٹ میں ایک بار پھر حکومت کامیاب جبکہ اپوزیشن کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے متعلق دوسرا اہم ترمیمی بل سینیٹ سے منظور ہوچکا ہے۔
بل کی منظور ی کے موقع پر اپوزیشن نے واک آؤ ٹ کیا ہے جبکہ دلاور خان گروپ نے حکومت کے حق میں ووٹ دیا ہے۔حیران کن بات یہ ہے کہ جب حماد اظہر سینیٹ میں پہنچے تو چیئر مین صادق سنجرانی نے کہا کہ حماد آپ چلے جائیں کیونکہ بل کی منظوری تو ہوچکی ہے‘آپ آج بھی ہمیشہ کی طرح تاخیر سے آئے ہیں۔
جبکہ پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کے مطابق بل مشترکہ مفادات کونسل کے پاس جانا چاہیے تھا۔ ہم شرمندہ ہیں۔ووٹنگ کے مکمل ہونے پر جب دونوں طرفہ ووٹ 29،29برابر ہوچکے تو پھر چیئرمین سینیٹ نے اپنا ووٹ حکومت کو دے دیا۔
بل منظور ی کے وقت مخالفت میں کوئی ووٹ نہ آیا جس سے حکومت کامیاب ہوگئی۔اوگرا ترمیمی بل کے مطابق اگر وفاقی حکومت اوگرا کی تجویز کے مطابق یا مقرر کردہ قیمت 40روز میں نوٹیفائی نہیں کرتی تو اوگرا خود سے نوٹیفائی کرنے کا مجاز ہے اور اوگرا کو عوامی سماعت کے بغیر آریل این جی،ایل این جی کی قیمت طے کرنے کا اختیار حاصل ہو گا۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قیمت کے تعین پر عوامی سماعت بہت ضروری ہے جس پرقائد ایوان شہزاد وسیم نے کہا کہ بلز قائمہ کمیٹی سے اتفاق رائے سے منظور ہو کر ہی یہاں پہنچے ہیں۔