مدینہ منورہ خواتین کے لئے محفوظ ترین شہر قرار.

مدینہ منورہ خواتین کے لئے محفوظ ترین شہر قرار.حال ہی میں برطانیہ کے ادارے انشور مائی ٹرپ نے دنیا بھر سے سفر کرنے والی خواتین کے لئے دنیا بھر کے ممالک سے محفوظ ترین شہروں کی ایک فہرست جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ یورپین مشہور ترین شہر کو خواتین کے حوالے سے دنیا بھر میں سب سے غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔

انشور مائی ٹرپ نے اپنی تحقیق میں چند بنیادی چیزوں کی بناء پر یہ رپورٹ تیار کی ہے جن میں رات کے وقت تنہا خواتین کا اکیلے سفر کرنا،آزادی سے گھومنا پھرنا،جرائم کی شرح کے علاوہ دیگر شہریوں کا خواتین کے ساتھ رویہ اور تعاون شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کو دنیا بھر سے تنہا سفر کرنے والی خواتین کے لئے دنیا کا محفوظ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ میں اقرار کیا گیا ہے کہ مدینہ منورہ میں جرائم کی شرح انتہائی کم ہے یا یوں کہہ لیں کہ نہ ہونے کے برابر ہے۔

جس وجہ سے اس شہر کو عورتوں کے تنہا سفر کرنے کے حوالے سے دنیا کا سب سے محفوظ شہر قرار دیا گیا ہے۔اس کے برعکس یورپی ملک فرانس کے مشہور ترین شہر پیرس کو تنہا سفر کرنے والی خواتین کے لئے سب سے غیر محفوظ شہر قرار دیا گیا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ وہاں جرائم کی شرح بہت ہی زیادہ ہے۔

خواتین کے تنہا سفر کرنے کے حوالے سے محفوظ ترین شہروں کی فہرست میں تھائی لینڈ کا شہر چیانگ مائی دوسرے نمبر پر جبکہ متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کو تیسرا نمبر دیا گیا ہے۔جاپان کے ایک شہر کو چوتھا جبکہ چین کے شہر مکاؤ کو پانچواں نمبر دیا گیا ہے۔

اس رپورٹ میں پاکستان کے کسی بھی شہر کا ذکر نہیں جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس اسلامی جمہوریہ پاکستان میں عورت کتنی محفوظ ہے اور یہ اسلامی جمہوریہ ہونے کی بناء پر بلاشبہ ہمارے لئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں