کیا لاہور میں حلال حرام بکتا ہے‘30من مردہ مرغیاں سپلائی کی کوشش ناکام.بحیثیت مسلمان اللہ پاک نے ہمارے لئے حلال چیزیں پیدا فرمائی ہیں اور ہمارا فرض بھی بنتا ہے کہ ہم اپنے دوسرے مسلمان بھائیوں کے لئے بھی حلال چیزوں کا بندوبست کریں۔لیکن سابقہ چند سالوں سے ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارے اپنے بھائی ہی ہمارے لئے کتنی غلط چیزیں صرف پیسے کمانے کے لئے بیچ رہے ہیں۔ان میں سرِ فہرست لاہور جیسے بڑے شہروں میں گوشت ہے۔
کبھی مینڈکوں کی خبریں شائع ہوتی ہیں تو کبھی گدھوں کی۔بروز ہفتہ چونیاں کے علاقے کوڑے سیال میں پیٹرولنگ پولیس اور محکمہ لائیو سٹاک نے کاروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی سے 30من مردہ مرغیاں برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے مردہ مرغیوں کو بوریوں میں بند کر کے رکھا ہوا تھا تاکہ کسی کو معلوم نہ ہو۔ پولیس نے ملزم کو پکڑ کر جب کاروائی شروع کی تو ملزم نے اقرار جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ یہ مرغیاں فروخت کے لئے لاہور لے کر جارہا تھا۔وہاں جا کر یہ مردہ مرغیوں کا گوشت لاہور میں مختلف ریسٹورنٹس کو سپلائی کیا جانا تھا۔
پولیس نے مردہ مرغیوں کی سپلائی ناکام بناتے ہوئے اس ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مزید کاروائی کی جا رہی ہے۔اُمید کی جارہی ہے کہ اس سے مزید پوچھ گچھ کے بعد بہت سے حقائق سے پردہ اٹھے گا اور اس گھناؤنے کام میں شامل دیگر جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی ہوگی۔