ہوا میں اڑتے پرندے کیوں اچانک مرگئے! کیا ہواتھا

ہوا میں اڑتے پرندے کیوں اچانک مرگئے! کیا ہواتھا؟یہ کسی فلم یا ڈرامے کا سین نہیں بلکہ حقیقت میں ایسا ہوا ہے اور یہ واقعہ ہے میکسیکو کے شمالی شہر کواؤ تیموک کاجہاں ہوا میں اڑتے ہوئے پرندے بڑی تیزی سے زمین پر گرنا شروع ہو گئے اور جب انہیں قریب سے دیکھا گیا تو وہ مر چکے تھے۔


اس واقعہ کی وجہ سے اس علاقے کے لوگوں میں ایک خاص ڈر اور پریشانی ہے جبکہ دوسری طرف سائنسدان بھی حیران ہیں اور اپنے طور پر وضاحتیں پیش کر رہے ہیں۔کچھ ماہرین کے مطابق جب یہ اڑ رہے تھے تو ان پر شکاری پرندوں کا حملہ ہوا ہے اور اس وجہ سے وہ ڈر گئے اور تیزی سے نیچے کی طرف گرے جبکہ اس حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ یہ تمام پرندے امریکہ اور کینیڈا کی یخ بستہ سردی سے بچ کر میکسیکو آرہے تھے۔یعنی کہ موسم ِ سرما میں ایک جگہ سے دوسری جگہ نقل مکانی کر رہے تھے۔

سوشل میڈیا پر جاری کردہ ویڈیو ز جو کہ سی سی ٹی وی فوٹیج ہیں میں پرندوں کو مکانات اور سڑک پر سیاہ چادر کی طرح گرتے دیکھا جاسکتا ہے جو کہ ایک خاصا تیز عمل تھا۔گرنے کے بعد بہت سے پرندوں کی رنگت سیاہ اور پیلی ہو چکی تھی۔جانوروں کے ایک ماہر کے مطابق یہ پرندے بہت حساس تھے اور یہ سب شہر کی فضائی آلودگی سے ہلاک ہوئے ہیں‘کیونکہ وہ اس قسم کی آلودگی کے عادی نہ تھے۔

اس ماہر نے تفصیل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کیڑے مار ادویہ کے اثرات،لکڑیوں کا دھواں،گاڑیوں کا دھواں یہ سب فضا میں جم سا گیا ہے جس سے پرندے ہلاک ہوئے ہیں۔ایک ماہر کا کہنا ہے کہ یہ سارے پرندے بجلی کی ہائی ٹینشن لائنوں سے ٹکرائے ہیں لیکن افواہوں کا شور بلند ہے۔چند ماہرین نے اس کی ذمہ داری 5Gکے ٹاور پر ڈالی ہے۔

پرندوں کے ایک ماہر برطانوی ڈاکٹر کے مطابق اگرچہ اس ویڈیو میں ہمیں کہیں بھی شکاری پرندے نظر نہیں آرہے لیکن انہیں 99فیصد یقین ہے کہ یہ ننھے پرندے اسی وجہ سے مرے ہیں کیونکہ ان کے مطابق بڑے شکاری پرندے چھوٹے پرندوں کو ایک طرف دھکیل سکتے ہیں اور پھر انہیں زمین کی طرف رُخ کرنے پر بھی مجبور کر سکتے ہیں جہاں وہ مختلف عمارتوں اور گاڑیوں سے ٹکرا کر فوری موت کے منہ میں جاسکتے ہیں۔

بہت سے ماہرین نے ان کی آراء سے اتفاق کیا ہے اور ایسے واقعات کو عام قرار دیا ہے۔جس سے ڈرنے یا گھبرانے کی قطعی ضرورت نہ ہے۔یاد رہے کہ اس قسم کا ایک واقعہ 2019ء میں اینجلس میں بھی پیش آیا تھا جس میں تقریباً225پرندے ہلاک ہوگئے تھے۔
دنیا میں مذاہب کی ابتدا اور پہلی عبادت گاہ؟:گوبیکلی تپہ

اپنا تبصرہ بھیجیں