کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ آپ کا دماغ آپ کو چلا رہا ہے یا آپ اپنے دماغ کو چلا رہے ہیں.غور کریں گے تو جان جائیں گے کہ درحقیقت آپ کا دماغ آپ کو چلا رہا ہے.آپ اپنے دماغ کے غلام ہیں اور آپ کا دماغ جو حکم آپ کو دیتا ہے آپ اُ س کی تعمیل کرتے ہیں.کیا یہ رویہ درست ہے؟
ہر گز نہیں. بہتری تو اس امر میں ہے کہ آپ اپنے دماغ کو چلائیں.آپ کا دماغ آپ کی غلامی کرے اور آپ کا حکم بجا لائے.اسی کو تو سیلف کنٹرول یا سادہ الفاظ میں خود پر قابو ہونا کہتے ہیں.کیونکہ اگر آپ اپنے دماغ کو اپنے قابو میں کر لیں گے تو آپ کی زندگی بدل جائے گی.
آپ پر سکون اور بے فکر ہو جائیں گے .ایک منظم انسان بن جائیں گے.غموں سے چھٹکارا پا لیں گے .خود اعتماد ہوجائیں گے .ڈر اور خوف سے خلاصی حاصل کر لیں گے.ابدی خوشی اور مسرت پالیں گے اور ایک مکمل شخصیت کے طور پر سامنے آئیں گے .
اس نوعیت کا انسان بننے کے لئے ایک مشق کی جاتی ہے جسے زبان زد عام میں میڈیٹیشن کہتے ہیں.
میڈیٹیشن کی تعریف؟
یہ ایک مشق ہے جس کے ذریعے آپ اپنی توجہ کو کسی ایک نقطے، پوائنٹ یا جگہ پر مرکوز کرتے ہیں. ذہنی طور پر کسی ایک نقطے پر اس طرح توجہ کرنا کہ دنیا سے لاتعلق ہو جانا.
میڈیٹیشن کس طرح کی جاتی ہے؟
میڈیٹیشن کرنے کے اقدامات درج ذیل ہیں .
1.جگہ تلاش کریں
سب سے پہلے ایک پرسکون جگہ تلا ش کریں.جگہ کا انتخاب گھر میں کہیں کر لیں یا کسی پارک میں طلوع سورج سے قبل کسی پر سکون جگہ کا انتخاب کریں.سب سے مناسب وقت صبح یا رات کا تجویز کیا جاتا ہے کیونکہ اُس وقت خاموشی ہوتی ہے.
2.ایئر پلگ کا استعمال کریں
میڈیٹیشن کرتے ہوئے ایئر پلگ کا استعمال کریں جو بازار سے با آسانی مل جاتے ہیں.ایئر پلگ کے استعمال سے شور بالکل ختم ہو جائے گا یا کم ہو جائے گا.
3.بیٹھنے کا بہترین طریقہ کیا ہے؟
آپ جس طرح بیٹھنا چاہیں بیٹھ جائیں کوئی فرق نہیں پڑتا.شرط یہ ہے کہ آپ جس طرح بھی بیٹھیں آپ کی کمرسیدھی ہونی چاہیئے.
4.ٹائمر یا الارم کلاک سیٹ کریں
کسی وقت کا انتخاب کریں اور پھر وقت بڑھاتے چلے جائیں.مثال کے طور پہلے دن ایک منٹ مراقبہ کریں اور اس طرح بڑھاتے ہوئے پندرہ منٹ تک جائیں.ماہر ین دس سے پندرہ منٹ تک میڈیٹیشن کرنے کی تجو یز پیش کرتے ہیں.تاہم آپ چاہیں تو وقت بڑھا بھی سکتے ہیں.
5.آنکھیں بند رکھیں
آنکھیں بند کرلیں اور جتنی دیر میڈیٹیشن کریں اپنی آنکھوں کو بند رکھیں.اب گہری سانسیں لینا شروع کریں .کم از کم دس گہر ی سانسیں ضرور لیں.سانس لیں اور اُس پر دھیان دیں.
دنیا میں کتنی اقسام کی آوازیں پائی جاتی ہیں؟
دنیا میں دو طرح کی آوازیں پائی جاتی ہیں.اندرونی اور بیرونی آوازیں.
بیرونی آوازیں
موبائل کی بیل کی آواز، گاڑی کی آواز ، لوگوں کے بولنے کی آواز وغیرہ.
اندرونی آوازیں
اندر کی آوازیں مثال کے طور پر دل کی دھڑکن کی آواز، ہماری سانس کی آواز.آوازیں ہمارے دھیان کو کھینچتی ہیں.جب آپ ایئر پلگ لگا لیں گے تو بیرونی آوازیں آنا بند ہوجائیں گی .خاموشی ہو جائے گی جس میں آپ کو آپ کی اندر کی آوازیں سنائی دیں گی جو عام حالات میں سنی نہیں جاسکتی.
6. دماغ کو حکم دیں کہ وہ اپنی سانسں کی آواز پر دھیان دے
سب سے پہلے آپ کو اپنی سانس کی آواز سنائی دے گی .آپ نے اپنے دھیان کو اپنی سانس کی آواز پر لگا نا ہے.یار رکھیے ایک اوسط انسانی دماغ میں دن بھر میں پچیس سے پچاس ہزارخیالات آتے ہیں جن میں سے نوے فیصد بے کار ہوتے ہیں یا منفی ہوتے ہیں.
میڈیٹیشن میں ہم اپنے دماغ کو اُن بے کار اور منفی خیالات سے آزاد کرنا سیکھتے ہیں .ہمارا دماغ ہر وقت سوچنے میں مصروف رہتا ہے ، کچھ نہ کچھ سوچتا رہتا ہے .ہم نے اپنے دماغ کو ٹاسک دینا ہے کہ وہ صرف سانس کی آواز کو سنے تو دماغ آمادہ ہوجائے گا اور وہ سانس کی آواز سننے میں مصروف ہوجائے گا .
سانس آرہی ہے جار ہی ہے جب آپ سانس اندر باہر لے جائیں گے تو آپ نوٹس کریں گے کہ آپ کے دماغ میںزیادہ خیالات آرہے ہیں.آپ نے بالکل پریشان نہیں ہونا .اگر خیالات آتے ہیں تو آنے دیں.آپ نے اپنے دھیان کو سانس کی آواز پر مرکوز کرنا ہےاور دماغ کو حکم دینا ہے کہ وہ سانس کی آواز پر فوکس کرے .سانس کی آواز سنیں اور سانسں کے اندر اور باہر جانے پر توجہ دیں.
کچھ روز کی مشق سے کیا نتائج سامنے آئیں گے؟
چند روز کی اس مشق سے آپ دیکھیں گے کہ آپ کے خیالات میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگئی ہے اور پھر ایک وقت ایسا آئے گا کہ آپ مکمل طور پر خیالات سے چھٹکارہ پالیں گے.
میڈیٹیشن کے کیا فوائد ہیں؟
میڈیٹیشن پر بہت سی سٹڈیز اور ریسرچ کی جاچکی ہیں جن سے یہ ثابت ہوا ہے کہ میڈیٹیشن کے بے شمار فوائد ہیں جن میں سے اہم ترین درج ذٰیل ہیِں:
سب سے بڑا فائد ہ یہ ہے کہ آپ اپنے دماغ کو کنٹرول کر سکتے ہیں؛
آپ کبھی بھی کسی بھی چیز یا نقطے پر توجہ مرکوز کرنے کے قابل ہو جائیں گے؛
جو چاہیں گے وہ سوچیں گے اور جو سوچنا نہ چاہیں گے اُس سے باز رہیں گے؛
اپنے اندر عجیب و غریب سی توانائی محسوس کریں گے؛
منفی سوچوں سے خلاصی حاصل کرلیں گے؛
چیزوں کو سیکھنے اور یاد کرنے کی صلاحیت بہتر ہو جائےگی؛
آپ کے اندر محبت اور رحمدلی کے جذبات پیدا ہونا شروع ہو جائیں گے؛
میڈیٹیشن آپ کو بری عادتوں سے چھٹکارہ پانے میں مدد فراہم کرے گا؛
دکھوں، پریشانیوں ، سٹریس، ٹینشن سے چھٹکارہ حاصل کر لیں گے؛
خود کو مکمل محسوس کریں گے؛
کارکردگی میں بہتر ی آئے گی؛
خود اعتمادی میں اضافہ ہوگا؛
آپ زیادہ تر خوش و خرم رہیں گے وغیرہ.
تجزیہ
میڈیٹیشن کو زیادہ تر لوگ بے فضول اور بے معنی سمجھتے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ اکثر لوگوں کو میڈیٹیشن کا سرے سےعلم ہی نہیں یا بیشتر میڈیٹیشن کے فوائد سے نا آشنا ہیں یا کچھ لوگ شاید سوچتے ہیں کہ یہ کیا عمل ہے کہ آنکھیں بند کر ایک جگہ بیٹھے رہو.
درحقیقت میڈیٹیشن ایک مختصر مگر نہایت سود مند مشق ہے جس پر کئی سٹڈیز اور ریسرچ کرنے کے بعد اب سائنس بھی اس کی افادیت کو تسلیم کرتی ہے.دنیا میں کامیاب ترین شخصیت میڈیٹیشن کو اُن کی زندگی بدلنے میں سب سے زیادہ کریڈٹ دیتے ہیں.شرط یہ ہے کہ یہ مشق متواتر اور روزانہ کی بنیاد پر کی جائے اور طریقہ کار بالکل درست ہونا چاہیئے جیسا کہ اوپر تذکرہ کیا گیا ہے.کسی نے کیا خوب کہا ہے:
“آپ کا مقصد دماغ سے لڑنا نہیں ہے ، بلکہ ذہن کا مشاہدہ کرنا ہے”۔
فرحان بٹ (گزیٹڈ افسر حکومت پنجاب)