لاہور: ماں نے سگی بیٹی کو ہی مار ڈالا.ماں ایک ایسا لفظ ہے کہ کہتے ہیں دل کو سکون ملتا ہے کیونکہ اس کا ثانی اس دنیا میں نہیں ہے۔اپنے بچوں کی حفاظت کے لئے ہر طوفان سے لڑ جانے والی ماں کو ہی یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ جنت اس کے پاؤں کے نیچے ہے جس کے لئے حضرت انسان اپنا ماتھا اپنے پروردگار کے آگے جھکاتا ہے۔
لیکن لاہور میں گزشتہ دن ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جسے سن کر اب بچوں کو اپنی ماؤں پر بھی شاید یقین ہی نہ رہے۔لاہور کے علاقے چونگی امرسدھو میں ہونے والے واقعے میں ماں نے اپنی دو بہنوں کے ساتھ مل کر اپنی ہی بیٹی کو زہر دے کر مار ڈالا ہے۔
پولیس کے مطابق اس مقدمے کے مدعی ناصر حسین کی اپنی بیوی سائرہ سے گھریلو رنجش چل رہی تھی۔یکم مارچ کو جب ناصر حسین گھر پہنچا تو اسے معلوم ہوا کہ اس کی بیوی سائرہ بیگم نے اپنی ساس یعنی کہ ناصر کی والدہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور 17سالہ بیٹی لائبہ کو لے کر ایک کمرے میں چلی گئی۔
جہاں لائبہ کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی اور وہ باتھ روم میں گر گئی۔اسے فوری طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ اپنی سانسیں بحال نہ رکھ پائی او رمر گئی۔
ناصر حسین نے اپنی بیوی سائرہ بیگم کے خلاف ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ سائرہ بیگم اور اس کی دو بہنوں نے ملی بھگت سے اس کی بیٹی کو زہر دے کر مارا ہے۔پولیس کے مطابق سائرہ بیگم وقوعہ کے بعد گھر سے فرار ہو گئی ہے تاہم اس کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔