جنگ کے لئے تیار رہو: یوکرینی وزیر دفاع کا فوجیوں کو پیغام.غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے وزیر دفاع اولیکسی ریزنیکوف نے ایک ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں اپنی فوج کو کہا ہے کہ تیار رہیں‘مشکلات ہوں گی، نقصان ہوں گے، ہمیں درد کو برداشت کرنا ہی ہوگا‘ہمیں خوف اور مایوسی پر قابو پانا ہی ہوگا اور روس کے خلاف ہماری فتح یقینی ہو گی۔
وزیر دفاع اولیکسی نے کہا ہے کہ کریملن نے سوویت یونین کی بحالی کے لئے ایک اور قدم اٹھایا ہے۔ کل پیوٹن نے اپنا اصلی چہرہ دکھایا ہے‘مجرم کا چہرہ‘جو پوری دنیا کو یرغمال بنانا چاہتا ہے۔ اس سے پہلے روسی صدر ولاد ی میر پیوٹن نے مشرقی یوکرین کے دو علیحدگی پسند علاقوں کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے انتظامی آرڈر پر دستخط کر دئیے ہیں۔
پیوٹن نے قوم سے خطاب کے دوران کہا کہ یوکرین کے دو علاقوں کو آزاد ریاستوں کے طور پر تسلیم کرنے کے حکم نامے پر دستخط کر دئیے ہیں اور روس کی پارلیمنٹ سے کہا ہے کہ جلد از جلد اس کی توثیق کرے۔ میں اُمید کرتا ہوں کہ روس کی عوام کی حمایت مجھے حاصل ہوگی۔
دوسری طرف یوکرین کے صدر ولودی میرزیلنسکی نے روس کے اقدامات کے جواب میں نورڈ اسٹریم ٹو پراجیکٹ فوری روکنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔یاد رہے کہ نورڈ اسٹریم ٹو پراجیکٹ دراصل روس سے نیچرل گیس بذریعہ بالٹک سمندر جرمنی بھیجنے کا پراجیکٹ ہے۔
روسی صدر نے یوکرین پر حملے کا فیصلہ کر لیا ہے:امریکی صدر جوبائیڈن