تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کے خلاف قانون حرکت میں آچکا ہے: خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف کہتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر فوج مخالف منفی مہم پر ان اکاؤنٹس کے خلاف قانون حرکت میں آچکا ہے جن کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں تحریک انصاف نے خیرات کے پیسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیے اور شوکت خانم کا نام استعمال کیا۔
وہ کہتے ہیں کہ ’لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے متاثرین کے خلاف ہونے والی مہم میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ تحریک انصاف الیکشن کمیشن کے فیصلے سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔‘
’اقتدار چھن جانے کے بعد ایک شخص اتنا ڈپریسیڈ ہوچکا ہے جو سازش کے الزام لگا رہا ہے۔۔۔ 25 ہزار ڈالر پر امریکہ میں لابنگ کے لیے بندہ رکھا گیا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’قانون حرکت میں آچکا ہے۔ شہدا کے لواحقین اور فوج کے خلاف جو باتیں کی گئیں وہ کوئی محب وطن نہیں کرسکتا۔‘
خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ فوج کے خلاف منفی مہم میں اکثر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے جبکہ فارن فنڈنگ کیس میں 18 اکاؤنٹس کا تعلق انڈیا سے ہے۔
تاہم انھوں نے زور دیا کہ ان کی حکومت سیاسی انتقام پر یقین نہیں کرتی۔
اسلام آباد کی عدالت نے شہباز گل کو 48 گھنٹے کے لیے پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔