کھجلی یا خارش سے نجات کے لیے گھریلو ٹوٹکے .
کھجلی یا خارش انتہائی بے سکونی پیدا کرنے والی بیماری ہے۔ وقتی طور پر ہم اس سے چھٹکارا پانے کے لیے اپنے جسم کے اس حصے کو کھجاتے ہیں جہاں خارش ہو رہی ہوتی ہے۔ اس سے ہمیں وقتی طور پر آرام مل جاتا ہے لیکن یہ آرام دیر پا نہیں ہوتا ہے۔
اگر ہم کھجلی کرنے کی عادت بنا لیں تو اس سے ہمارے جسم کی جلد خراب ہو جاتی ہے اور دیگر کئی پیچیدگیاں جنم لیتی ہیں۔ خارش کے بچنے کے لیے بہت سے مفید گھریلو ٹوٹکے ہیں جن کو استعمال میں لا کر آپ ہمیشہ کے لیے خارش یا کھجلی سے چھٹکارا پا سکتے ہیں۔
خارش سے بچنے کا ایک طریقہ ناریل کا تیل ہے۔ جس جگہ پر خارش ہو رہی ہو وہاں ناریل کے تیل کی مالش کی جائے تو کھجلی ختم ہو جاتی ہے۔ ناریل کا تیل جسم کو سکون اور راحت فراہم کرتا ہے۔
کھجلی کا دوسرا علاج لیموں میں چھپا ہوا ہے۔ بعض اوقات ہمیں ہماری جلد کی حساسیت کی وجہ سے کھجلی ہوتی ہے۔ لیموں کھجلی والی جگہ پر مسلنے سے وہ جگہ سکون میں چلی جاتی ہے۔ کیونکہ لیموں بیکٹیریا کو مارتا ہے۔ ایک جراثیم کش کا کام کرتا ہے۔ کھجلی والی جگہ کو صاف کرتا ہے اور ٹھنڈک کا احساس پیدا کرتا ہے۔
تلسی کے پتے بھی خارش سے چھٹکارا حاصل کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ تلسی کے پتے تھیمول اور اگنول جیسے اجزاء سے مل کر بنے ہوتے ہیں۔ یہ کیمائی اجزاء جراثیموں کو مارتے ہیں اور جلد کو صاف کرتے ہیں۔ اس سے کھجلی کی علامات دور ہو جاتی ہیں۔
کھجلی سے مکمل طور پہ چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ روز نہایا جائے تاکہ جسم جراثیم سے صاف رہے۔ لیکن اگر خارش پرانی ہو اور ختم نہ ہو رہی ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔(خارش سے نجات کے لیے گھریلو ٹوٹکے)