یوم یکجہتی کشمیر: دنیا بھر میں بھارتی مظالم کے خلاف خصوصی تقاریب کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں جہاں دنیا بھر میں مختلف تقاریب ہوئیں وہیں پاکستان میں بھی تقریباً ہر شہر میں احتجاجی ریلیاں،جلوس نکالے گئے اور بھارتی قابض فوج کے مظالم کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں پاکستانی کشمیری بھائیوں کو ان کا حق دینے سے متعلق تقاریب کا اہتمام کررہے ہیں اور یوم یکجہتی کشمیر منا رہے ہیں۔
اس دن کی مناسبت سے پاکستان بھر میں سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے خصوصی سیمینارز،ریلیوں، جلسوں اور احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان پورے عزم و اتحاد کے ساتھ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے۔صدرِ مملکت پاکستان نے یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر جیل بن چکا ہے اور وادی میں مکمل بلیک آؤٹ ہے۔
انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔کشمیریوں کی آواز دبائی جارہی ہے۔بھارت کو خبردار کر رہے ہیں کہ پاکستان ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھ سکتا۔پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام ِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروانے کا وقت آگیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ پائیدار امن کے قیام کے لئے کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے۔مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت پر اُن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔سراج الحق کا کہنا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لئے ہمارا خون حاضر ہے۔
اس کے علاوہ دنیا بھر میں آباد پاکستانی شہری بھی کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لئے اپنے اپنے انداز میں مختلف تقاریب کا اہتمام کررہے ہیں۔دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے جس کے ذریعے عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کی اہمیت، اس کے منصفانہ حل اور بھارتی فوج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم سے متعلق آگاہ کیاجارہا ہے۔