کامیابی کی سیڑھیاں

انسان اپنی زندگی میں کامیابی کا طلبگار ہے .وہ عروج چاہتا ہے، کامیابی کی بلندیوں کو چھونا چاہتا ہے.وہ اپنے مقصد کے حصول کے لئے تما م وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہر ممکن کوشش کرتا ہے مگر پھر بھی منزل مقصود تک پہنچنے میں ناکام رہتا ہے. جانتے ہیں کیوں؟

دراصل وہ موثر اقدامات نہیں کرتا .کامیابی حاصل کرنے کے وہ اصول نہیں اپناتا جنہیں اپنا کر لوگ کامیاب ہوئے اور منزل مقصود تک پہنچ پائے.

زندگی میں کامیاب ہونے کے چھ ایسے اصول ہیں جن کی پیروی کرتے ہوئے سینکڑوں لوگ اپنی زندگیوں میں کامیاب ہوئے اور دنیا سے جانے کے بعد بھی اپنے کاموں کی وجہ سے لوگوں کے دلوں و اذہان میں آج بھی زندہ ہیں.

1.اپنے مقصد حیات کا تعین کریں

کرکٹ کا میچ دیکھتے ہوئے کسی کھلاڑی کو اچھا کھیلتے ہوئے دیکھا تو دل میں کرکٹربننے کی خواہش بیدار ہوگئی .گیند بلا پکڑا اور گراؤ نڈ میں چل دیے وسیم اکرم بننے .کارکردگی اچھی نہ دے سکے تو کرکٹر بننےکاخواب ترک کرتے ہوئے کرکٹ چھوڑ دی.

اسی طرح ایک دن بروسلی کی فلم دیکھی تو دل میں کراٹے ماسٹر بننے کی خواہش نے جنم لے لیا .کچھ دن کوشش کی مگر بات نہیں بنی تو کراٹے کو بھی خیر آباد کہہ دیا .ایک دن خبر ملی کے خاندان میں کوئی شخص ڈاکٹر بن گیا تو ڈاکٹر بننے کی ریس میں لگ گئے مگر بے سود.

یہ وہ رویے ہیں جو نوجوان نسل میں پائے جاتے ہیں.زیادہ تر کو یہ نہیں پتا کہ اُنھوں نے زندگی میں کیا کرنا ہے؟ کس سمت جانا ہے؟ اُن کی زندگی کا مقصد کیا ہے؟ وہ اپنا پیشن تلاش نہیں کر پاتے یا وہ اپنا ٹیلنٹ دریافت نہیں کرپاتے جس میں وہ دوسروں کی نسبت غیر معمولی ہیں.

اگر آپ اپنی زندگی میں کامیاب ترین شخص بننے کے خواہاں ہیں تو اپنی زندگی میں کسی منزل کا تعین کریں اور اُسے حاصل کرنے کی جنگ میں مصروف ہو جائیں. اگر آپ نے اپنی منزل مقصود کا سوچ سمجھ کر تعین کیا ہے تو آپ ضرور اُسے پالیں گے. لوگوں کی پیروی کرتے ہوئے جوش و خروش میں آکر کسی کام کو اختیار نہ کریں بلکہ خود اپنے اندر وہ قابلیت تلاش کریں جس میں آپ دوسروں سے منفرد ہوں.

2.وقت ضائع مت کریں

ہماری کل زندگی کا پچیس فیصد حصہ ہم سو کر گزارتے ہیں اور باقی بچھتر فیصد میں سے ایک بڑا حصہ کھانے پینے اور تفریح میں گزر جاتا ہے.رہی سہی کسر سوشل میڈیا کے استعمال نے پوری کر دی ہےجہاں نوجوان نسل اپنا قیمتی وقت گزار رہی ہے.

یاد رکھیے اگر آپ وقت کی قدر نہیں کریں گے تو وقت بھی آپ کی قدر نہیں کرے گا.لہذا اپنے وقت کو غیر ضروری چیزوں اور ایسی سرگرمیوں جن کا آپ کی عملی زندگی میں کوئی نفع نہیں میں ضائع مت کریں .اس بات کا ادراک کریں کہ وہ کون سے امور ہیں جن میں آپ کو اپنا وقت اور توانائی لگا نی چاہیئے.اپنا وقت نفع بخش کاموں میں خرچ کریں.وقت ضائع کرنے والے لوگ شاذو نادر ہی زندگی میں کامیاب ہو سکتے ہیں.

3.خو د پر یقین اور اعتماد رکھیں

اساتذہ حساب پڑھاتے ہیں، فزکس کیمسٹری اور اسی طرح دیگر مضامین بخوبی پڑھاتے نظر آتے ہیں .تاہم بچوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور اُن میں یقین کی طاقت پیدا کرنے والے اساتذہ آٹے میں نمک کے برابر ہیں.

کہا جاتا ہے شاید ذہین بندہ اپنی زندگی میں کامیاب نہ ہوسکے مگر خود پر یقین رکھنے والا خود اعتماد شخص آخر کار کامیاب ہوجاتا ہے.لہذا خود اعتمادی ایک ایسی خوبی ہے جو کسی بھی شخص کو کامیابی کی بلندیوں پر پہنچانے مٰیں اہم کردار ادا کرتی ہے.

اس لئے والدین اور اساتذہ کو بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انھیں یہ کہتے رہنا چاہیئے کہ وہ زندگی میں ایک دن ضرور کچھ بڑا کریں گے .جب بچے کے دماغ میں یہ بات بیٹھ جائے گی کہ وہ اپنی زندگی میں کچھ بھی کرسکتا ہے تو اُس کا یہ یقین اُسے کامیاب بنانے میں معاون ثابت ہوگا.

4.کبھی ہار نہ مانیں

تھامس ایڈیسن نے دس ہزار بار کوشش کرنے کے بعد لائٹ بلب ایجاد کیا .اگر وہ نوہزار نو سو ننا نوی کوشش کے بات ہار مان جاتا تو آج ہم بلب جیسی ایجاد سے محروم رہتے .لہذا زندگی میں کبھی ہار نہ مانیں اور آخری دم تک کوشش کرتے رہیں، لڑتے رہیں . اگرآپ مشکلا ت کے باوجود کوشش کرتے رہیں گے تو آپ کامیاب ضرور ہوجائیں گے.کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے

منزل خود چل کر آتی ہے ….
مسافر اگر اپنی ہمت نہ ہارے

5.اپنی ذات سے باہر نکل کر لوگوں کی مدد اور بھلائی کریں

قائداعظم ایک رہنما اور پائے کے بیرسٹر تھےمگر آپ نے اپنی ذات اور اپنے مفاد سے باہر نکل کر برصغیر میں بسنے والے غریب مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا نظریہ پیش کیا اور پھر اُسے عملی جامہ پہنایا .آپ آج بھی اپنے کام کی وجہ سے لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں.

اسی طرح شاعر مشرق جناب علامہ محمد اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے بیزار قوم کو اُٹھایا اور اُسے اُس کی منزل کا تعین کرنےاور اسے حاصل کرنے کی طرف اکسایا .آپ کے نام سے دنیا میں شاہراہیں اور چوک قائم ہیں.اس قدر بلندو بالا مقام صرف اس لئے حاصل کرپائے کہ آپ نے اپنی ذات سے پرے نکل کر غریب عوام کے بارے میں سوچتے ہوئے عظیم الشان شاعر ی کی.

آپ یہ ٹھان لیں اور یہ نیت باندھ لیں کہ آپ اپنی ذات سے باہر نکل کے لوگوں کے کام آئیں گے اور اگر کل کو آپ کو کوئی مقام ملا تو لوگوں کو بھی کامیاب ہونے میں مدد کریں گے تو آپ اپنی اس نیک نیتی کی بدولت ایک دن ضرور کامیاب ہوجائیں گے.

6.کتابوں کا مطالعہ کریں

کامیاب اشخاص کتابوں کے مطالعے کو اُن کی کامیابی کا اہم ذریعہ گردانتے ہیں.اُن کی نظر میں کتابیں آپ کی زندگی میں انقلاب برپا کر دیتی ہیں اس لئے کتابوں کے مطالعے کو اپنے معمول کا حصہ بنالیں .کتابیں آپ کو ایک دن ضرور صلہ دیں گی ، آپ کی شخصیت میں نکھار پیدا کرتے ہوئے آپ کو ایک نظریاتی شخص بنانے میں آپ کی مدد کریں گی اور کامیابی آپ کے قدم چومے گی.

فرحان بٹ(گزیٹڈ افسر حکومت پنجاب)

تعزیرات پاکستان420، 468اور471 کیا ہیں؟

جاب انٹرویو میں بہترین کارکردگی کےآزمودہ ٹپس

اپنا تبصرہ بھیجیں