سابق آئی جی خیبرپختون خوا ناصر درانی عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو گئے۔ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹرافتخار کے مطابق ناصر درانی گزشتہ 10 دن سے میوہسپتال میں زیر علاج تھے اور گزشتہ ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر تھے۔انہوں نے بتایا کہ ناصردرانی کو پھیپھڑوں میں انفیکشن اور سانس میں دشواری کا سامنا تھا۔
یاد رہے کہ ناصردرانی خیبرپختونخوا پولیس سربراہ کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں۔انہوں نے صوبائی پولیس کو غیرسیاسی بنانے اور اس میں اصلاحات لانے میں کامیابی حاصل کی تھی جس کی وجہ سے انہیں پنجاب پولیس میں بہتری لانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ناصر درانی کو صوبائی محکمہ داخلہ کے مشیر اور وزیراعلیٰ کے خصوصی معاون کا عہدہ سنبھالنے کی پیش کش بھی ہوئی تھی لیکن انہوں نے سیاسی عہدہ قبول کرنے سے معذرت کر لی تھی۔